وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام، ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ مکمل

وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام، ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ مکمل

اسلام آباد: وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت اب تک ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ حکومت نے مرض کی تشخیص اور علاج کی سہولیات کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق عام آبادی میں 2 سے ڈھائی فیصد افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ صحت کی سہولیات سے محروم علاقوں میں اس مرض کی شرح 6 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پمز، پولی کلینک سمیت مختلف سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی ٹیسٹ مثبت آنے والے افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ مرض کی حتمی تشخیص ممکن ہوسکے۔ تصدیق شدہ مریضوں کو حکومت کی جانب سے مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی حکومت نے پروگرام کا دائرہ دیگر صوبوں تک بڑھانے کے لیے خیبرپختونخوا میں تشخیصی کٹس اور ادویات کی فراہمی شروع کردی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں سندھ اور بعد ازاں بلوچستان اور پنجاب کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت 2030 تک پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے ملک گیر اسکریننگ، بروقت تشخیص اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

More News