وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، خیبر پختونخوا کے لیے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، خیبر پختونخوا کے لیے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کا امکان

پشاور:وزیراعظم شہباز شریف پشاور کے دورہ پر پہنچ گئے ۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جبکہ خیبر پختونخوا کے لیے میگا ترقیاتی پیکیج سمیت اہم اعلانات متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ہوں گے،دورے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے سیکیورٹی چیلنجز اور درپیش مسائل پر بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے میگا ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی متوقع ہے۔ اس حوالے سے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر توجہ دیے جانے کا امکان ہے، تاہم پیکیج کی مالیت اور اس میں شامل منصوبوں کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

دورے کے شیڈول میں وزیراعظم کی جانب سے گرینڈ جرگے سے خطاب بھی شامل ہے، جس میں صوبے کے مختلف امور اور عوام کو درپیش مسائل پر اظہار خیال متوقع ہے۔

وزیراعظم کا دورۂ پشاور ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صوبے کو امن و امان، ترقیاتی ضروریات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس اور گرینڈ جرگے سے خطاب کے دوران ہونے والی پیش رفت کو صوبے کی آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔


More News