وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے، عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ جائیں گے، جہاں وہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس (COP31) میں شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے سلسلے میں عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس 11 اور 12 نومبر کو ہوگا، جس کی میزبانی ترک صدر رجب طیب اردوان کریں گے۔
کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں، موسمیاتی خطرات اور عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے سائیڈ لائنز پر مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ COP31 عالمی ماحولیاتی کانفرنس 9 سے 20 نومبر 2026 تک ترکیہ میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں مختلف ممالک کے نمائندے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کر رہے ہیں۔







