ڈیجیٹل دنیا میں پاکستانیوں کا راج، ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب پر نئے ریکارڈ قائم

ڈیجیٹل دنیا میں پاکستانیوں کا راج، ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب پر نئے ریکارڈ قائم

پاکستان میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جہاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستانیوں کی سرگرمیوں کے حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔ ملک میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 12 کروڑ جبکہ سوشل میڈیا آئیڈینٹیز کی تعداد 8 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب پاکستانی صارفین کے پسندیدہ پلیٹ فارمز میں سرفہرست ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل دنیا تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہے۔ ویڈیوز دیکھنے، پیغامات بھیجنے، آن لائن رابطوں اور ڈیجیٹل مواد کی تخلیق کے رجحان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس نے پاکستان کو سوشل میڈیا کی ایک بڑی مارکیٹ بنا دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، جہاں روزانہ ڈیڑھ ارب سے زائد ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔ مختصر ویڈیوز کے اس پلیٹ فارم نے نوجوانوں سمیت مختلف عمر کے افراد میں خاصی مقبولیت حاصل کر رکھی ہے۔ تفریح کے علاوہ معلومات، تعلیم، کاروبار اور خبروں کی فراہمی کے لیے بھی ٹک ٹاک کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

پیغام رسانی کے مقبول پلیٹ فارم واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد بھی 10 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی صارفین اس پلیٹ فارم کے ذریعے روزانہ تقریباً ایک ارب کالز کرتے ہیں جبکہ 12 ارب پیغامات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ واٹس ایپ اب صرف ذاتی رابطوں تک محدود نہیں رہا بلکہ کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی رابطوں اور خبروں کی ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

دوسری جانب ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب بھی پاکستانیوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔ ملک میں یوٹیوب استعمال کرنے والوں کی تعداد 9 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جہاں روزانہ تقریباً 56 کروڑ ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔

پاکستان میں یوٹیوب کانٹینٹ کریٹرز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 13 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز ایسے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ یہ رجحان ڈیجیٹل کانٹینٹ کریشن، آن لائن کاروبار اور تخلیقی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا اثر و رسوخ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور سوشل میڈیا اب عوامی رابطوں، معلومات، تفریح اور معاشی سرگرمیوں کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔

More News