وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

کوئٹہ (نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران دہشت گردی کے سنگین واقعات پیش آئے، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے بلوچستان میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس، پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت مکمل طور پر یکسو ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کی جانب سے دہشت گردوں کو اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کیے جانے کے شواہد موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی خارجی عناصر ملوث ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، تاہم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزراء، مشیر وزیراعظم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

More News