مون سون اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے پنجاب میں ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات

مون سون اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے پنجاب میں ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات

لاہور(نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں، ممکنہ اربن فلڈنگ اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، اس لیے ہر ممکن پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ کچھ شہروں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون سے نمٹنے کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو اور متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز جاری رکھیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے سیلاب سے سبق سیکھتے ہوئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ مویشیوں کے لیے چارے اور دیگر ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیٹ ویو اور موسمی صورتحال سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے اور شہری بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید گرمی میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کر رکھی ہے، جبکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے بھی مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے مزید بتایا کہ کاہنہ جیسے حادثات کی روک تھام کے لیے “اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر کے شہری درخواست دے سکتے ہیں اور اہل افراد کو 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔

More News