وزیراعظم کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی پر اہم اجلاس، عالمی معیار کی تعلیم یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کے تعمیراتی منصوبے، تعلیمی نظام اور عالمی معیار کی فیکلٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے ذہین طلبہ و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دانش یونیورسٹی کا نظام روایتی جامعات سے مختلف اور بہترین معیار کا ہونا چاہیے، جبکہ یونیورسٹی کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے منصوبے کی تفصیلات آئندہ 2 ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی کے آؤٹ ریچ پروگرام میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں تک رسائی اور انہیں یونیورسٹی کے مواقع سے آگاہی کو کلیدی اہمیت دی جائے۔
اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی فیکلٹی، تعمیراتی منصوبے اور مختلف مراحل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی جامعات سے ڈگری یافتہ اور عالمی شہرت رکھنے والی فیکلٹی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے امریکا کے ایک معروف کالج کے ساتھ تدریسی تعاون کے لیے مذاکرات بھی آخری مراحل میں ہیں۔
اجلاس کو یونیورسٹی کے مجوزہ ڈیزائن اور منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر بین الاقوامی معیار کے جدید کیمپس ڈیزائن کے مطابق کی جائے گی اور اس سلسلے میں جلد بولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کے قیام کو غریب اور متوسط طبقے کے ذہین طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطا اللہ تارڑ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، دانش یونیورسٹی کے بورڈ ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







