گل پلازہ کو گرانے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری شروع

گل پلازہ کو گرانے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری شروع

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی میں آتشزدگی سے متاثر ہونے والے گل پلازہ کو گرانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا شروع کردیا ہے۔

ایس بی سی اے ذرائع کے مطابق گل پلازہ کو آئندہ چند دنوں میں گرانے کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ عمارت کی خستہ حالی اور آتشزدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام کی جانب سے عمارت کو منہدم کرنے کے انتظامات پر کام جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلازہ کی ایسوسی ایشن، کراچی چیمبر آف کامرس اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں تمام فریقین سے مشاورت کی جارہی ہے تاکہ عمارت کو گرانے کے عمل کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مکمل کیا جاسکے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے گل پلازہ کو منہدم کرنے کے لیے درکار فنڈز کے حصول کا طریقہ کار بھی طے کیا جارہا ہے۔ حکام اس حوالے سے مالی وسائل اور دیگر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمارت گرانے کے دوران شہریوں اور اطراف کی املاک کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا جائے گا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والی آتشزدگی کے بعد عمارت کی صورتحال پر مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ اب ایس بی سی اے نے عمارت کو منہدم کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

More News