وزیراعظم کی صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس، قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی جبکہ مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی بجٹ کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ چاروں صوبوں کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگراموں پر بریفنگز اور تفصیلی پیشکشیں دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے سرمایہ کاری پروگرام کا جائزہ لیا گیا، جبکہ رواں مالی سال کے دوران سرکاری شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں یکم اپریل 2025 سے 31 مارچ 2026 تک مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ اسی عرصے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق رپورٹ بھی شرکاء کے سامنے رکھی گئی۔

قومی اقتصادی کونسل نے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور جائزہ رپورٹ کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، رانا ثنااللہ، مریم اورنگزیب اور وزیراعلیٰ بلوچستان وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور اجلاس میں شرکت کی۔

قومی اقتصادی کونسل کے اس اجلاس کو آئندہ مالی سال کی ترقیاتی ترجیحات اور قومی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More News