وزیراعظم کی مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں میں رابطے تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک میں مون سون کی موجودہ اور متوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی حکومتوں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطوں اور اشتراکِ عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید ارلی وارننگ سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور دیگر قدرتی آفات کی بروقت پیشگوئی اور عوام کو پیشگی اطلاع فراہم کی جا رہی ہے۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے موسم کی پیشگوئی اور خطرات کے سائنسی تجزیے کے لیے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل تیاری، مؤثر رابطہ کاری اور فوری امدادی اقدامات کو یقینی بنائیں۔








