وزیراعظم کی پیٹرول سبسڈی رجسٹریشن کیلئے ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی پیٹرول سبسڈی رجسٹریشن کیلئے ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم سے متعلق رجسٹریشن کے عمل کو عوام کے لیے مزید آسان بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے سبسڈی حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق اس اسکیم کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول پر مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کردی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں پیٹرول پر ریلیف 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اسکیم سے مستحق شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے اور عوام کو درپیش مشکلات فوری طور پر دور کی جائیں۔ انہوں نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے دیگر ضروری مراحل کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی شہری کو معلومات کی کمی یا طریقہ کار کی پیچیدگی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شہباز شریف نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ شہریوں کو فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں۔ اس سلسلے میں فیلڈ سطح پر عوامی رہنمائی کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام دستیاب پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو اسکیم کے طریقہ کار، رجسٹریشن اور ریلیف سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے ریلیف کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اسکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات، آسان رجسٹریشن اور ضروری رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

حکومت کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کا مقصد محدود آمدنی رکھنے والے اور چھوٹی گاڑیوں کے استعمال کنندگان کو پیٹرول کی قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

More News