وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پیش کریں گے

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پیش کریں گے

پشاور:عارف اکرام

خیبرپختونخوا کا مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی خود بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔

اسمبلی ذرائع کے مطابق موجودہ مشیر خزانہ مزمل اسلم صوبائی اسمبلی کے منتخب رکن نہیں ہیں، جس کے باعث وہ اسمبلی قواعد کے تحت بجٹ پیش کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کے مطابق صرف منتخب رکن اسمبلی ہی ایوان کی کارروائی میں حصہ لے سکتا ہے اور بجٹ سمیت اہم مالی دستاویزات پیش کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ اسی آئینی اور قانونی تقاضے کے پیش نظر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی بجٹ اجلاس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، سماجی شعبوں، صحت، تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں کے لیے مالی وسائل مختص کیے جانے کی توقع ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے بجٹ کو عوام دوست اور ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتیں بھی بجٹ تجاویز کا بغور جائزہ لینے کی تیاری کر رہی ہیں۔

بجٹ اجلاس کے موقع پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی بھرپور شرکت متوقع ہے، جبکہ بجٹ دستاویزات پیش ہونے کے بعد مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز اور حکومتی ترجیحات کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

More News