خیبرپختونخوا کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب، بجٹ 2026-27 کی منظوری متوقع
پشاور:عارف اکرام
خیبرپختونخوا کابینہ کا اہم اجلاس آج صبح 11 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق حتمی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے سامنے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی، جن کا جائزہ لینے کے بعد بجٹ کی باضابطہ منظوری دی جائے گی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، مختلف شعبوں کے لیے مالی وسائل کی تقسیم، جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر اہم امور شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ سے منظوری کے بعد صوبائی بجٹ آج ہی دوپہر 2 بجے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جہاں وزیر خزانہ آئندہ مالی سال کے لیے حکومت کی مالی اور ترقیاتی ترجیحات ایوان کے سامنے رکھیں گے۔
صوبائی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت، زراعت، توانائی اور روزگار کے شعبوں کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق بجٹ میں صوبے کی معاشی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں کے لیے مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبوں کے آغاز پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
سیاسی اور معاشی حلقوں کی نظریں آج پیش کیے جانے والے صوبائی بجٹ پر مرکوز ہیں، جس سے آئندہ مالی سال کے لیے حکومت کی پالیسی ترجیحات اور ترقیاتی حکمت عملی واضح ہوگی۔








