وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی منصوبے کا افتتاح کر دیا
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے “خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ پہلے مرحلے میں پشاور کے سرکاری اسپتالوں، پبلک ٹرانسپورٹ مقامات اور دیگر اہم سرکاری مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ منصوبے کو آئندہ مرحلے میں ایبٹ آباد، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دی جائے گی، جبکہ تمام سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا تیزی سے ڈیجیٹل گورننس کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکومت مرحلہ وار تمام سرکاری خدمات کو پیپر لیس بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور ای کامرس کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور بندش پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں اور معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے ضم اضلاع میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی فراہمی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی خدمت، امن، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔








