اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات، ریڈ الرٹ جاری، شہر بھر میں سخت چیکنگ
اسلام آباد:ویب ڈیسک
وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہر کے مختلف اہم راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صورتحال کے باعث پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سمیت تمام ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی اقدامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
گندم گودام، ایران ایونیو، روات ٹی کراس اور بہارہ کہو سمیت مختلف مقامات پر گاڑیوں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔








