ٹانک کے مختلف علاقوں میں 25 اگست کو مکمل کرفیو نافذ، دفعہ 144 بھی لاگو
ٹانک: ڈپٹی کمشنر ٹانک نے 25 اگست کو ضلع کے مختلف علاقوں میں مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گا، جبکہ اس دوران دفعہ 144 کے تحت مختلف پابندیاں عائد ہوں گی۔
انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران شہریوں اور ہر قسم کی ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ مسافر و مال بردار گاڑیوں کے علاوہ موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو کرفیو سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق صرف ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اجازت حاصل کرنے کے بعد محدود نقل و حرکت کی اجازت دی جا سکے گی۔
اجازت کے حامل افراد اور گاڑیوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ چیکنگ کے دوران اپنا شناختی کارڈ اور گاڑی کے کاغذات متعلقہ اہلکاروں کو دکھائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی نظر آنے کی صورت میں اپنی گاڑی 50 میٹر پہلے روک دیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کے دوران خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کرفیو اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے اوقات میں گھروں تک محدود رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی سے متعلق جاری کردہ تمام ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔





