ٹریننگ کے پہلے ہی روز دو پولیس اہلکار جاں بحق، وجہ کیا بنی؟

ٹریننگ کے پہلے ہی روز دو پولیس اہلکار جاں بحق، وجہ کیا بنی؟

لاہور: پنجاب کے ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بیدیاں روڈ میں ہائی وے پولیس کے دو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) تربیت کے پہلے ہی روز چار کلومیٹر کی دوڑ کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے سے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق راولپنڈی ریجن کے تصور شاہ اور سرگودھا ریجن کے محمد ارشد 27 اگست کو ایلیٹ اورینٹیشن کورس کے پہلے روز دوڑ میں شریک تھے۔ تربیتی گروپ میں مجموعی طور پر 239 اہلکار شامل تھے، جن میں سے 229 نے چار کلومیٹر کی دوڑ میں حصہ لیا۔

ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی خرم شکور کے مطابق دونوں اہلکار دوڑ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے بعد گر پڑے۔ انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

حکام کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دونوں اہلکاروں کو سانس اور دل کے مسائل پیش آنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکار فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ تربیت کے لیے آئے تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے پہلے کوئی غیر معمولی بات سامنے نہیں آئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کے وقت گرمی اور حبس موجود تھا، تاہم حتمی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اموات صرف موسم کی شدت کے باعث ہوئیں۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

دونوں اہلکاروں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں اور انہیں ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ واقعے کے بعد سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کا ایلیٹ اورینٹیشن کورس بھی مؤخر کردیا گیا۔

ایلیٹ ٹریننگ سینٹر لاہور 1997 میں قائم کیا گیا تھا جہاں پولیس اہلکاروں کو خصوصی آپریشنز، انسداد دہشت گردی اور دیگر حساس ذمہ داریوں کے لیے تربیت دی جاتی ہے۔

More News