ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کا مکہ دفاعی معاہدہ گیم چینجر ثابت ہوگا، ترک وزیر خارجہ
انقرہ: ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کو خطے کے لیے اہم پیش رفت اور گیم چینجر قرار دیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون خطے میں مشترکہ مفادات اور سلامتی کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی تعاون کو فروغ مل سکتا ہے۔
حاقان فیدان نے مکہ دفاعی معاہدے سے متعلق بھارت اور اسرائیل کی جانب سے پھیلائے جانے والے مبینہ غلط معلومات پر مبنی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والے دعوے درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد خطے میں تعاون اور مشترکہ دفاعی مفادات کو آگے بڑھانا ہے۔
ترک وزیر خارجہ کے بیان کے بعد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاہدے پر توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔








