وزیراعظم کی تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

اسلام آباد: ویب ڈیسک

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بین الاقوامی صورتحال اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث پاکستان کی معیشت، خصوصاً توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی معاشی استحکام کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں اور حکومت حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ، وفاقی و صوبائی سطح پر منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے اور جیسے ہی یہ مرحلہ گزرے گا اور معیشت مزید مستحکم ہوگی، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت سے متعلق ہدایات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ کفایت شعاری کا بوجھ سب کو منصفانہ طور پر برداشت کرنا چاہیے اور خصوصاً مراعات یافتہ طبقات کو اس حوالے سے مثال قائم کرنی چاہیے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق معاشی استحکام کے لیے سادگی اور کفایت شعاری سے متعلق متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی سرکاری وسائل کی بچت اور توانائی کے موثر استعمال کے لیے طلب و رسد کی نگرانی کا نظام فراہم کرے گی تاکہ متعلقہ ادارے بروقت فیصلے کر سکیں۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی صوبوں میں معاشی سرگرمیوں، توانائی کے استعمال اور انتظامی تیاریوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر پاور سردار اویس لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر ماحولیات ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ حکام شریک تھے۔

More News