پانچ سو سے زائد سرکاری نوکریاں، ایف پی ایس سی نے 524 آسامیوں کا اعلان کردیا

پانچ سو سے زائد سرکاری نوکریاں، ایف پی ایس سی نے 524 آسامیوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد: وفاقی پبلک سروس کمیشن (FPSC) نے کنسولیڈیٹڈ اشتہار فیز تھری 2026 کے تحت مختلف وفاقی وزارتوں اور محکموں میں مجموعی طور پر 524 نئی سرکاری آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔ امیدوار ان آسامیوں کے لیے 21 اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں، جبکہ تحریری امتحانات کا آغاز 10 اکتوبر 2026 سے متوقع ہے۔

ایف پی ایس سی کے اعلان کے مطابق دستیاب آسامیوں میں بی ایس 16 سے بی ایس 20 تک کے مختلف عہدے شامل ہیں، جن کا تعلق تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پولیس، تحقیق اور دیگر وفاقی شعبوں سے ہے۔

تعلیمی شعبے میں سب سے نمایاں آسامیوں میں 98 سیکنڈری اسکول ٹیچر مرد، بی ایس 17 کی پوسٹس شامل ہیں، جو فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ڈائریکٹوریٹ کے تحت ہوں گی۔

کمپیوٹر اور آئی ٹی کے شعبے میں بھی امیدواروں کے لیے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اشتہار میں 27 کمپیوٹر انسٹرکٹر مرد اور 14 کمپیوٹر انسٹرکٹر خواتین کی آسامیاں شامل ہیں۔

صحت کے شعبے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کے لیے 70 چارج نرس بی ایس 16 اور 50 میڈیکل آفیسر بی ایس 17 کی آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ پوسٹس ملک میں طبی شعبے سے وابستہ امیدواروں کے لیے اہم مواقع تصور کی جارہی ہیں۔

دیگر اہم آسامیوں میں گلگت بلتستان میں 29 لیکچرر مرد، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس میں 23 انسپکٹر بی ایس 16 اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) میں 22 سپرنٹنڈنٹ بی ایس 16 کی پوسٹس شامل ہیں۔

ایف پی ایس سی کے مطابق مختلف وزارتوں اور اداروں میں بھی متعدد آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں وزارتِ دفاع، وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات، وزارتِ قومی صحت، بورڈ آف انویسٹمنٹ، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔

امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے پہلے متعلقہ عہدے کی تعلیمی قابلیت، عمر، تجربے اور دیگر اہلیت کے تقاضوں کا جائزہ لے کر مقررہ تاریخ تک آن لائن اپلائی کریں۔

More News