وفاقی ملازمین کے جی پی فنڈ کی نئی شرح مقرر، اگست کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی

وفاقی ملازمین کے جی پی فنڈ کی نئی شرح مقرر، اگست کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی

پشاور: وزارتِ خزانہ نے بنیادی تنخواہ سکیل 2026 کے نفاذ کے بعد گریڈ 1 سے 22 تک وفاقی ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) کی ماہانہ کٹوتی کی نئی شرح مقرر کردی ہے۔ نئی شرح کے تحت اگست کی تنخواہوں سے نظرثانی شدہ شرح کے مطابق کٹوتی کی جائے گی۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق گریڈ 1 کے ملازمین سے ماہانہ کم از کم 722 روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران سے 17 ہزار 605 روپے جی پی فنڈ کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ نئی شرح ملازمین کی نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی گئی ہے۔

احکامات کے مطابق اوسط بنیادی تنخواہ کے حساب سے گریڈ 1 کے لیے 3 فیصد، گریڈ 2 سے 11 تک 5 فیصد جبکہ گریڈ 12 سے 22 تک 8 فیصد کی شرح مقرر کی گئی ہے۔

نئی شرح کے مطابق گریڈ 2 کے ملازمین سے 1,273 روپے، گریڈ 3 سے 1,382 روپے اور گریڈ 4 سے 1,483 روپے ماہانہ جی پی فنڈ کی کٹوتی ہوگی۔ گریڈ 5 کے لیے 1,598 روپے، گریڈ 6 کے لیے 1,704 روپے، گریڈ 7 کے لیے 1,805 روپے جبکہ گریڈ 8 کے ملازمین کے لیے 1,922 روپے ماہانہ مقرر کیے گئے ہیں۔

اسی طرح گریڈ 9 کے ملازمین سے 2,032 روپے، گریڈ 10 سے 2,157 روپے اور گریڈ 11 سے 2,306 روپے ماہانہ جی پی فنڈ وصول کیا جائے گا، جبکہ گریڈ 12 کے لیے ماہانہ کٹوتی 3,964 روپے مقرر کی گئی ہے۔

نئی شرحوں کا اطلاق بنیادی تنخواہوں میں نظرثانی کے بعد کیا گیا ہے، جس کے باعث وفاقی ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں سے جی پی فنڈ کی مد میں کٹنے والی رقم میں تبدیلی آئے گی۔

More News