پاکستانیوں کو 24 گھنٹے میں ویزوں کا اجراء، سعودی سفیر کا اہم اعلان

پاکستانی کارکنوں کو 24 گھنٹوں میں ویزوں کا اجراء، سعودی سفیر کی یقین دہانی

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پاکستانی کارکنوں کے لیے ویزوں کے اجراء میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور 24 گھنٹوں کے اندر ویزے جاری کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ یقین دہانی انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیوں و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران کرائی۔ ملاقات میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات، پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل اور سعودی عرب میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستانی کارکنوں کو ویزوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے 2009 میں 14 سعودی شہریوں کی جانیں بچانے والے پاکستانی شہری کی بہادری اور ایثار کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی افرادی قوت کو پیشگی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے، تاکہ پاکستانی کارکن بہتر مہارت اور تیاری کے ساتھ روزگار حاصل کر سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے انسانی وسائل کی ترقی، باہمی معلومات کے تبادلے اور پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

اس اقدام کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کو مزید مؤثر بنانا اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

More News