خیبر: جمرود میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم 11 نومبر سے شروع ہوگی

خیبر: جمرود میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم 11 نومبر سے شروع ہوگی

ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ویکسینیشن مہم 11 سے 24 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے مشترکہ تعاون اور عوامی آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت کے حکام اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم سے ملاقات کی، جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نسیم اللہ شاہ اور ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد آفریدی بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران ویکسینیشن مہم کے انتظامات، مختلف تعلیمی اداروں میں ٹیموں کی رسائی اور والدین و طلبہ میں آگاہی پیدا کرنے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ سرویکل کینسر خواتین میں پائی جانے والی ایک اہم بیماری ہے، جس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ویکسینیشن انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ مہم کے دوران 14 سال تک کی عمر کے بچوں اور بچیوں کو حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔

اس موقع پر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کے ذریعے والدین اور طلبہ کو ویکسینیشن کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر سلمان ہستم اور محکمہ صحت کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں اور مؤثر آگاہی کے ذریعے مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔

More News