پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ، پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط

پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دیے۔

معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت، تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے میں تعاون فراہم کرے گا، جبکہ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، 2023 کے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔ نئے معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

دوسری جانب کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان اور کویت نے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے اپنے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News