پاکستان تحریکِ انصاف نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے اپنی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے، شفیع جان

پاکستان تحریکِ انصاف نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے اپنی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے

پشاور: خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے اپنی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے اور پارٹی مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے بتایا کہ اسلام آباد مارچ کا آغاز پشاور سے ہوگا، جبکہ ملک بھر سے پارٹی عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرز بھی اس میں شریک ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے مارچ کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں تاکہ کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں متبادل حکمتِ عملی کے تحت پیش رفت جاری رکھی جا سکے۔

شفیع جان نے کہا کہ ماضی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہی ہیں، تاہم اس مرتبہ تمام ممکنہ صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پشاور جلسے کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلسے میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، جبکہ جلسہ گاہ کے باہر بھی بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے اور بعض سڑکوں کی بندش کے باعث کئی افراد جلسے کے مقام تک نہیں پہنچ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کے لیے پارٹی مکمل طور پر تیار ہے اور آئندہ کی حکمتِ عملی اسی منصوبے کے مطابق ترتیب دی جائے گی۔

More News