پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی، وزارت صحت

پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی، وزارت صحت

وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ماہرین نفسیات کی تعداد صرف 1050 ہے۔

وزارت صحت کے مطابق 2023 تک اسلام آباد میں ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی سطح پر پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبرپختونخوا میں 122 جبکہ بلوچستان میں صرف 44 رجسٹرڈ ماہرین نفسیات موجود ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ہر 2 لاکھ 45 ہزار 400 افراد کے لیے صرف ایک ماہر نفسیات دستیاب ہے، جو ملک میں ذہنی صحت کی سہولیات اور ماہرین کی دستیابی کے حوالے سے ایک اہم چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے۔

وزارت صحت نے قومی اسمبلی کو ایڈز سے متعلق اعدادوشمار سے بھی آگاہ کیا، جن کے مطابق ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3900 ہے۔ ان میں سندھ میں 1915، پنجاب میں 1765، خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک مریض رجسٹرڈ ہے۔

More News