بینکوں اور اہم قومی تنصیبات پر سائبر حملوں کا خدشہ، نیشنل سرٹ نے ایڈوائزری جاری کردی

بینکوں اور اہم قومی تنصیبات پر سائبر حملوں کا خدشہ، نیشنل سرٹ نے ایڈوائزری جاری کردی

اسلام آباد: مصنوعی ذہانت کے ذریعے خودکار سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر بینکوں، مالیاتی اداروں اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت، خودکار بوٹس، بوٹ نیٹس اور ایجنٹک ٹولز کے ذریعے بینکنگ نظام کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، جبکہ حملہ آور صارفین کے اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

حکام کے مطابق سائبر حملہ آور بینک اکاؤنٹس میں موجود اصل رقم محفوظ ہونے کے باوجود صارفین کو غلط بیلنس دکھا سکتے ہیں، جس سے مالیاتی نظام پر اعتماد متاثر ہونے اور خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ ہے۔ بینکوں کے ادائیگی کے نظام اور ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس میں مداخلت کے ذریعے مالیاتی معلومات بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

ایڈوائزری میں ریفائنریز، پائپ لائنز اور بجلی کے نظام کو بھی ممکنہ سائبر خطرات سے خبردار کیا گیا ہے، جبکہ اہم تنصیبات کے صنعتی کنٹرول سسٹمز میں ردوبدل کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل سرٹ نے بینکوں کو ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن اپنانے، مشکوک لین دین کی مسلسل نگرانی اور اہم آپریشنل سسٹمز تک براہ راست انٹرنیٹ رسائی محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں آئی ٹی اور آپریشنل ٹیکنالوجی نیٹ ورکس کو الگ رکھنے اور سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل اور کاروباری تسلسل کا مؤثر نظام تیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

More News