پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی صدارت سنبھال لی
اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی باضابطہ صدارت سنبھال لی ہے، جس کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر اسلحہ کنٹرول اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق اہم مذاکرات کی قیادت کی ذمہ داری مل گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری اسلحہ کنٹرول و تخفیفِ اسلحہ طاہر اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔
پاکستان 2026 کے اجلاس کے آخری صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے گا۔ اس دوران پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ کی تیاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں قرارداد سے متعلق مذاکرات کی بھی رہنمائی کرے گا۔
پاکستان نے مشاورت کا عمل شروع کردیا
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کانفرنس کی صدارت سنبھالتے ہی جامع مشاورتی عمل شروع کردیا ہے۔ طاہر اندرابی نے 2026 کے اجلاس کے تمام سابق صدور کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جبکہ مختلف علاقائی گروپس کے نمائندوں سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کو دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم قرار دیا جاتا ہے جہاں اسلحہ کنٹرول سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔
جنیوا میں قائم اس 65 رکنی عالمی فورم میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں، جس کے باعث کانفرنس کو عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
کانفرنس کے اہم ایجنڈے میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، خلا کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنا اور دیگر اہم سیکیورٹی معاملات شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم عالمی فورم کی صدارت پاکستان کو ملنا بین الاقوامی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت، تعمیری کردار اور ذمہ دارانہ رویے پر اعتماد کا اظہار ہے۔
پاکستان کی صدارت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں، اسلحہ کنٹرول اور بین الاقوامی سلامتی کے معاملات مسلسل اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔ اس دوران پاکستان کو نہ صرف مختلف ممالک کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے بلکہ عالمی سطح پر تخفیفِ اسلحہ کے عمل میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔





