پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات میں انقلاب لائے گی، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ملک میں حکومتی خدمات کی فراہمی، ڈیجیٹل گورننس اور شہری سہولیات کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گی۔ انہوں نے قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر وفاقی اور صوبائی سطح پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفاف، مؤثر اور تیز رفتار حکمرانی کا خواب حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی اداروں میں ڈیجیٹل گورننس، مرکزی ڈیٹا مینجمنٹ اور جدید شہری سہولیات کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور اداروں میں ڈیجیٹل نظام کو مزید مربوط بنانے کے لیے متعدد فیصلے بھی کیے گئے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی اداروں کو نئے قومی مرکزی ڈیٹا سینٹر “اسکائی 47” کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سرکاری اداروں کا ڈیٹا محفوظ، مربوط اور جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرکزی ڈیٹا سینٹر کے قیام سے مختلف اداروں کو الگ الگ ڈیٹا سینٹرز بنانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے قومی وسائل کی بچت، حکومتی اخراجات میں کمی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی شہریوں کو جدید اور آسان سرکاری خدمات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، جبکہ قومی ڈیجیٹل ویژن ملک کو ایک جدید، مربوط اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی جانب لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل شہری سہولیات اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ڈیجیٹل پالیسی عالمی شراکت داری کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ باہمی مشاورت اور تعاون کے ذریعے قومی ڈیجیٹل ویژن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی، شفافیت، فیصلہ سازی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے گی۔






