پاکستان کو علاقائی تجارتی مرکز بنایا جا سکتا ہے، اسحاق ڈار

پاکستان کو علاقائی تجارتی مرکز بنایا جا سکتا ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع ایک قیمتی اثاثہ ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک کو علاقائی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بندرگاہی اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی، جنوبی اور مغربی ایشا کے سنگم پر واقع ہے، اس لیے علاقائی روابط مضبوط بنا کر معاشی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں ملک کی بندرگاہوں کی استعداد، ترقی، مسابقت اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے تجارتی و لاجسٹک سہولتوں میں بہتری، کسٹمز نظام میں اصلاحات، اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور بندرگاہوں کو علاقائی تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا۔

اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے، جدید سہولیات کی فراہمی اور تجارتی عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ پاکستان علاقائی تجارت میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔

More News