اشیائے ضروریہ مہنگی، گھی، چینی اور چاول کی قیمتیں برقرار
لاہور: اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بدستور بلند رہنے سے شہریوں، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے، کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھی، کوکنگ آئل، چینی، چاول اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں گھی 490 سے 610 روپے فی کلوگرام، عام چینی تقریباً 160 روپے جبکہ پیکنگ والی چینی 190 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہی ہے۔ مختلف اقسام کے چاول 320 سے 640 روپے فی کلوگرام تک دستیاب ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل مہنگائی کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب تاجروں کا مؤقف ہے کہ طلب و رسد، پیداواری لاگت اور دیگر معاشی عوامل کے باعث قیمتیں بلند ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔








