پاکستانی اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے ہانگ کانگ جونیئر اوپن کا ٹائٹل جیت لیا
پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن کا انڈر 17 ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
انڈر 17 کے فائنل میں عمیر عارف کا مقابلہ انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ سے ہوا، جہاں پاکستانی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گیمز سے کامیابی حاصل کی۔
فائنل میں عمیر عارف کی فتح کا اسکور 4-11، 11-6، 11-5، 9-11 اور 11-4 رہا۔ انہوں نے ابتدائی گیم ہارنے کے بعد شاندار کم بیک کیا اور مسلسل دو گیمز جیت کر برتری حاصل کی، تاہم چوتھی گیم میں شکست کے باوجود فیصلہ کن گیم میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وہ بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے فیلو بھی ہیں۔
عمیر عارف کی کامیابی کو پاکستان کے جونیئر اسکواش کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی کارکردگی سے مستقبل میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی ملے گی۔







