پری پیڈ موبائل بیلنس کی کم از کم میعاد 180 دن مقرر، ختم شدہ بیلنس ری چارج پر بحال ہوگا
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پری پیڈ موبائل بیلنس اور ری چارج کی کم از کم میعاد 180 دن مقرر کردی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئے ضابطے کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ملک کے تمام موبائل آپریٹرز پر ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت صارفین کا پری پیڈ بیلنس کم از کم 180 دن تک محفوظ رہے گا، جس سے بار بار بیلنس ختم ہونے یا کم مدت کی وجہ سے رقم ضائع ہونے کی شکایات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تمام موبائل آپریٹرز کے ری چارج اور بیلنس کی کم از کم مدت 180 دن مقرر کی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ صارف کی ری چارج کردہ رقم مقررہ مدت سے پہلے ختم نہیں ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کے بیلنس کی میعاد 180 دن مکمل ہونے کے بعد ختم بھی ہوجائے تو نیا ری چارج کرنے کی صورت میں ختم شدہ بیلنس خودکار طور پر بحال کردیا جائے گا۔ اس اقدام سے صارفین کو ان کی پہلے سے موجود رقم کے تحفظ میں سہولت ملے گی۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ بیلنس کی بحالی کے لیے متعلقہ سم کا قابلِ استعمال اور فعال رہنا ضروری ہوگا۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل نمبرز کو فعال رکھیں تاکہ ری چارج اور بیلنس سے متعلق سہولیات سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
یہ فیصلہ موبائل صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کمیونیکیشن شعبے میں شفاف اور منصفانہ کاروباری طریقہ کار کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔
نئے ضابطے کے نفاذ کے بعد صارفین کو پری پیڈ بیلنس کی مختصر میعاد کے باعث رقم ضائع ہونے کی پریشانی سے بڑی حد تک نجات ملنے کی توقع ہے، جبکہ ختم شدہ بیلنس کی نئے ری چارج پر خودکار بحالی بھی صارفین کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہوگی۔








