پشاور میں عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس کے خلاف کارروائی، 5 گرفتار
انقلاب روڈ اور ارباب روڈ پر مختلف کلینکس اور میڈیکل لیبارٹریوں کا معائنہ، غیر قانونی کلینکس سیل
پشاور: ضلعی انتظامیہ پشاور نے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طور پر قائم کلینکس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا جبکہ غیر قانونی کلینکس کو سیل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی ہدایت پر انتظامی افسران نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام کے ہمراہ انقلاب روڈ اور ارباب روڈ پر مختلف کلینکس اور میڈیکل لیبارٹریوں کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران ایسے افراد کے خلاف ایکشن لیا گیا جو بغیر رجسٹریشن اور متعلقہ اسناد کے مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔ حکام نے 5 عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کرکے ان کے کلینکس سیل کردیئے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر پریکٹس کرنے والوں کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ غیر قانونی طور پر قائم کلینکس اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت اور جانوں کے تحفظ کے لیے غیر رجسٹرڈ طبی مراکز اور غیر قانونی پریکٹس کے خلاف نگرانی اور کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔






