پشاور میں مبینہ غیرت کے نام پر قتل شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی
پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کے علاقے خزانہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں قبر کشائی کی گئی، جس کے بعد خیبر میڈیکل کالج کی ٹیم نے خاتون کا پوسٹ مارٹم کیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد خاتون کی میت دوبارہ سپرد خاک کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران اہم نمونے حاصل کیے گئے ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایچ او خزانہ کے مطابق خاتون کی مبینہ ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اس سلسلے میں اہم بیانات قلمبند کیے گئے ہیں جبکہ واقعے سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔ پولیس مختلف زاویوں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ خاتون کو مبینہ طور پر اس کے والد اور بھائی نے قتل کیا، تاہم ان دعوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے قتل کے بعد حجرے میں نماز جنازہ ادا کرکے خاموشی سے تدفین کیے جانے کی اطلاعات بھی زیرِ گردش ہیں۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔








