پشاور: تھانہ تہکال حملے میں ملوث اشتہاری پولیس حراست سے فرار
پشاور: تھانہ تہکال حملے میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم ملک عادل پولیس چوکی سے فرار ہوگیا، جس کے بعد چوکی انچارج سمیت ڈیوٹی پر مامور دیگر اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ملک عادل کو پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا اور اس سے تفتیش جاری تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم پولیس چوکی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ملزم پر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس چوکی پر مسلح حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ واقعے کے بعد پولیس حکام نے مبینہ غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے چوکی انچارج سمیت ڈیوٹی پر موجود دیگر اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایس پی کینٹ کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے۔ انکوائری میں ملزم کے فرار ہونے کے حالات، ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی ذمہ داری اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری کے دوران اگر کسی اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی بھی جاری ہے۔








