پشاور میں ٹریفک حادثات میں اضافہ، رواں سال 14 افراد جاں بحق، 315 سے زائد زخمی
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں رواں سال ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں 277 حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 315 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق شہر کی مختلف شاہراہوں جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ اور چارسدہ روڈ پر متعدد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ حادثات میں زیادہ تر موٹر سائیکل سوار زخمی ہوئے، جس سے شہریوں کی سفری حفاظت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر روانہ کی جاتی ہیں اور اوسطاً سات منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ جاتی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہیں، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔







