گوادر کے ساحل پر 30 فٹ طویل مردہ بلیو وہیل پھنس گئی، ہلاکت کی تحقیقات شروع

گوادر کے ساحل پر 30 فٹ طویل مردہ بلیو وہیل پھنس گئی، ہلاکت کی تحقیقات شروع

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے ایسٹ بے ساحل پر تقریباً 30 فٹ طویل مردہ بلیو وہیل پھنس گئی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق وہیل گزشتہ دو روز سے گوادر کے سمندر میں تیرتی دیکھی جا رہی تھی، تاہم بعد ازاں اس کی لاش کوسٹ گارڈ آفس کے عقب میں ساحل پر آ کر پھنس گئی۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق وہیل ممکنہ طور پر کم گہرے پانی میں داخل ہونے کے باعث راستہ بھٹک گئی تھی، جس سے اس کی سمت شناسی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محمد معظم خان کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے سمندری جانور کی ہلاکت سمندری حیاتیاتی تنوع کے لیے تشویشناک ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے وہیل کی موت کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ان کے مطابق ماضی میں بھی پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بلیو وہیل کے پھنسنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ساحلی علاقوں میں پھنسنے والی وہیلز کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ نایاب سمندری حیات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق آگاہی کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے۔

More News