پشاور: ڈاکٹر کے گھر چوری میں ملوث دو ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد

پشاور: ڈاکٹر کے گھر چوری میں ملوث دو ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد

پشاور میں تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے شادمان کالونی میں ڈاکٹر کے گھر چوری کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔

کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق کارروائی ایس پی ورسک ڈویژن طیب جان کی نگرانی میں ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر، ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ عثمان خان اور تفتیشی افسران کی خصوصی ٹیم نے کی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد علی، سکنہ چارسدہ، اور محمود احمد، سکنہ گلبہار، کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے 29 اگست 2026 کو شادمان کالونی میں ڈاکٹر محمد زین کے گھر سے 50 لاکھ روپے نقد، 4 ہزار 500 سعودی ریال اور 41 تولے سونے کے زیورات چوری کیے تھے۔

واقعے کا مقدمہ ڈاکٹر محمد زین کی مدعیت میں تھانہ مچنی گیٹ میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس حکام نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

پولیس کے مطابق ٹیم نے جدید سائنسی اور تکنیکی طریقوں سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران نقد رقم اور سونے کے زیورات فروخت کرنے کے عوض حاصل ہونے والی رقم سمیت مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید برآمدگی و انکشافات کی توقع ہے۔

More News