پشاور کے مزید 45 سرکاری پرائمری اسکول آؤٹ سورسنگ کے لیے منتخب
پشاور: شہر کے مزید 45 سرکاری پرائمری اسکولوں کو آؤٹ سورسنگ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں مختلف علاقوں کے اسکول شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے لیے منتخب کیے گئے اسکولوں میں پشاور سٹی سے 15، کینٹ اور حیات آباد سرکل سے 15 جبکہ شہر کے دیگر نواحی علاقوں سے مزید 15 اسکول شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کے بعد پشاور کے متعدد سرکاری پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث بعض اسکولوں میں کلاسز اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق طلبہ کی کم تعداد اور اسکولوں کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے آؤٹ سورسنگ کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے پوزیشن کوڈز تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، تاکہ دستیاب تدریسی عملے کو ضرورت کے مطابق مختلف اسکولوں میں تعینات کیا جاسکے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کم طلبہ والے اسکولوں کے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنا اور سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانا ہے






