پنجاب حکومت خوابوں کی تعبیر تک نوجوانوں کا ساتھ دے گی: مریم نواز

پنجاب حکومت خوابوں کی تعبیر تک نوجوانوں کا ساتھ دے گی: مریم نواز

عارف والا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ وسائل کی کمی کسی بھی باصلاحیت طالب علم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی اور نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر سطح پر ان کا ساتھ دیا جائے گا۔

عارف والا میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس کے 10 نئے اسکولوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ ذہین اور محنتی طلبہ اپنی تعلیم بغیر مالی مشکلات کے جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، حکومت انہیں جدید تعلیمی سہولتیں، بہترین ماحول اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں معیار کی تعلیم اور سہولتیں میسر ہوں گی۔ ان کے مطابق تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشرتی تفریق کو ختم کرکے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھولتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے موسم میں بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں غیر محفوظ مقامات پر جانے سے روکیں۔ انہوں نے حالیہ حادثات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بچے کی جان کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کھلے مین ہولز بند کرنے کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مسلسل ہدایات دے رہی ہے، تاہم بعض عناصر ڈھکن چوری کر لیتے ہیں، جس سے شہریوں خصوصاً بچوں کی جان خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ طلبہ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 40 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جن میں نئے کلاس رومز، فرنیچر، صاف پانی، باتھ روم، پنکھے اور دیگر ضروری سہولتیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سائنس، ٹیکنالوجی، کمپیوٹر، ریاضی اور آئی ٹی لیبز قائم کی جا رہی ہیں جبکہ پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت (AI) لیبز بھی بنائی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ جدید علوم سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کریں کیونکہ مستقبل کی کامیابی انہی علوم سے وابستہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت سرکاری تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اعلیٰ سرکاری شخصیات کے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ منصوبوں کے بعد پنجاب بھر میں مزید 300 جدید اسکول قائم کیے جائیں گے تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں

More News