نان بائیوں اور محکمہ خوراک کا روٹی کی قیمت پر تنازع، تندور بند کرنے کی دھمکی

نان بائیوں اور محکمہ خوراک میں روٹی کی قیمت پر تنازع برقرار، تندور بند کرنے کی دھمکی

لاہور: پنجاب میں روٹی اور نان کی قیمتوں کے تعین پر نان بائی ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ قیمتوں کے معاملے پر جاری تنازع کے باعث نان بائیوں نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے اور زبردستی نرخ نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو صوبے بھر میں تندور بند کیے جا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر ہفتے کے روز اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ فیصلے کے تحت روٹی کی قیمت 25 روپے جبکہ نان کی قیمت 35 روپے مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔

نان بائیوں کا مؤقف ہے کہ آٹے، گیس، بجلی، مزدوری اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث موجودہ سرکاری نرخوں پر کاروبار چلانا ممکن نہیں رہا، اس لیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت تاحال روٹی اور نان کے نئے سرکاری نرخ مقرر نہیں کر سکی، جس کے باعث صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔ شہریوں اور تاجروں کی نظریں اب نان بائی ایسوسی ایشن کے آئندہ اجلاس اور حکومت کے فیصلے پر مرکوز ہیں، کیونکہ اس تنازع کا براہِ راست اثر روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

More News