پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی: مریم نواز شریف

مریم نواز شریف: پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، خواتین کا بااختیار ہونا حکومت کی اولین ترجیح

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس، ترقی اور عوامی خدمت کے میدان میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے بڑھ رہا ہے اور پنجاب کی ترقی کے سفر کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا اور ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

لاہور کے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نئی پولیس افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ہونہار، باصلاحیت اور بہادر بیٹیوں کو وردی میں دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ہفتوں کی سخت تربیت مکمل کرنے والی یہ افسران صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ان والدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنی بیٹیوں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں پولیس جیسے اہم شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج خواتین نہ صرف پولیس بلکہ تعلیم، صحت، عدلیہ، انتظامیہ، کاروبار اور دیگر شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وردی پہننا صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ پولیس افسران کو عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کے لیے سکوٹی اسکیم، روزگار کے نئے مواقع اور محفوظ سفری سہولیات اسی وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین ٹیکسی چلا کر باعزت روزگار کما رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت خواتین اور بچوں کے لیے مزید محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر گلی، محلے اور شہر کو خواتین کے لیے محفوظ بنانا حکومت کا عزم ہے۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے درخواست کی کہ خواتین کی پولیس میں بھرتی کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان خواتین اس شعبے میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پولیس کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہتی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی میں کی جانے والی سرمایہ کاری مستقبل میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے گی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والی افسران نے شاندار پریڈ اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جبکہ تقریب میں شریک شہریوں نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہا۔

More News