پنجاب کے میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی 475 اضافی نشستیں بڑھانے کی تجویز
لاہور: پنجاب کے 17 سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 475 اضافی نشستیں بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مقررہ معیار کے مطابق نشستوں میں اضافے کے لیے درخواست دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں اس وقت ایم بی بی ایس کی مجموعی طور پر 3 ہزار 476 نشستیں موجود ہیں۔ تدریسی ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بڑھائے جانے کے بعد میڈیکل کالجز میں طلبہ کی گنجائش میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایم بی بی ایس کی نشستیں 325 سے بڑھا کر 350 کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے تحت 25 اضافی نشستیں شامل ہوں گی۔
اسی طرح نشتر میڈیکل کالج ملتان، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور اور پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں بھی ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 50، 50 اضافی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں 25 اضافی نشستیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان میں مزید 50 نشستیں شامل کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق ساہیوال، گوجرانوالہ اور امیرالدین میڈیکل کالج لاہور میں بھی ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 50، 50 اضافی نشستیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی جی خان کے میڈیکل کالج میں مزید 30 نشستیں بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے حکومت پنجاب سے تعلیمی سیشن 2025-26 کے لیے ان 475 اضافی نشستوں پر داخلوں کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔
حکام کے مطابق نشستوں میں اضافے کا مقصد تدریسی ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات اور بیڈز کی تعداد کے مطابق میڈیکل تعلیم کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم اضافی نشستوں پر داخلوں کا حتمی فیصلہ متعلقہ حکام اور پی ایم ڈی سی کے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت ہوگا۔
اگر تجویز کی منظوری مل جاتی ہے تو پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کے طلبہ کے لیے مزید 475 نشستیں دستیاب ہوں گی، جس سے میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے داخلے کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔







