چترال اور دیر بالا میں بارش اور برفباری، کمراٹ روڈ لینڈ سلائیڈنگ سے بند، سیاح پھنس گئے
چترال اور دیر بالا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، جبکہ وادی کمراٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ سڑک بند ہونے سے سیاحوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
چترال کے بالائی اور زیریں علاقوں میں 24 گھنٹے مسلسل بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کے بعد جمعہ کی صبح موسم میں وقفہ آگیا، تاہم سرد اور تیز ہواؤں نے سردی کی شدت مزید بڑھا دی۔
اپر چترال کے تورکہو، تریچ، کھوت، اجنو، ریچ، بروغل، یارخون اور شندور میں برفباری ہوئی، جبکہ لوئر چترال کے گرم چشمہ، کریم آباد، کالاش ویلیز کے بالائی دیہات، لواری ٹنل، گولین اور مڈک لشٹ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لواری ٹنل پر برفباری کے باوجود ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
چترال شہر، آیون، بروز اور دروش سمیت نشیبی علاقوں میں موسم جزوی طور پر صاف ہوگیا۔ بارش سے پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں امید پیدا ہوئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں گندم کی بوائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جلانے کی لکڑی اور کوئلے کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ چترال شہر میں جلانے کی لکڑی 1300 سے 1500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ شہریوں نے سلنڈر گیس کی من مانی قیمتوں پر فروخت کی بھی شکایت کی ہے۔
ادھر دیر بالا کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش اور بالائی مقامات پر برفباری جاری رہی۔ وادی کمراٹ روڈ پر چیراگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند ہوگئی، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سیاح و مسافر راستے میں پھنس گئے۔








