جاپان کا پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 4.3 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان
اسلام آباد: حکومت جاپان نے پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کی معاونت کے لیے 4.3 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ رقم آئندہ سال 2027 کی انسداد پولیو مہم کے لیے ویکسین کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق جاپانی گرانٹ سے 2027 کی انسداد پولیو مہم کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدی جائیں گی، جس سے ملک بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
حکومت جاپان 1996 سے پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام میں ایک دیرینہ شراکت دار کے طور پر تعاون کر رہی ہے۔ جاپانی مالی معاونت کو ملک میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے ہدف کے قریب لے جانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی جاری ہے۔ افغانستان دوسرا ملک ہے جہاں یہ وائرس موجود ہے۔ تاہم پاکستان میں گزشتہ برسوں کے دوران پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل ویکسینیشن، والدین کا تعاون اور انسداد پولیو ٹیموں کی مؤثر رسائی ناگزیر ہے۔








