چونیاں میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بہنیں جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک
چونیاں: پنجاب کے شہر چونیاں میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کی دو جواں سالہ بچیاں جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہو گئی۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق اہلخانہ نے گھر میں تیار کیا گیا کھانا کھایا، جس کے کچھ ہی دیر بعد خاندان کے چاروں افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لاہور کے اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق 20 سالہ عمارہ اور 13 سالہ تحریم دوران علاج جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں، جبکہ ان کے والد محمود اور والدہ شاہدہ بی بی کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دونوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ کھانے کے نمونے بھی جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوانے کا امکان ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کھانا کس وجہ سے زہریلا ہوا۔
دوسری جانب جاں بحق ہونے والی دونوں بہنوں کی میتیں ان کے آبائی گاؤں ارجن سنگھ منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ان کی تدفین کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔







