ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر ہی معاوضہ ملے گا، پاکستانی کرکٹرز کو پی سی بی کی واضح ہدایت
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے متعلق نئی شرائط طے کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو واضح کردیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ کے تحت مقررہ ڈومیسٹک میچز کھیلنے کی صورت میں ہی انہیں معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست تیار کرلی ہے۔ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو اپنے معاہدے کے مطابق مخصوص تعداد میں ڈومیسٹک میچز کھیلنا ہوں گے۔ مقررہ میچز میں شرکت نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو معاوضے کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نئے قواعد میں مختلف فارمیٹس کے کھلاڑیوں کے لیے ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کی اجازت بھی الگ الگ مقرر کی گئی ہے۔
ٹیسٹ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو کسی بھی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ٹیسٹ اور ون ڈے کنٹریکٹ رکھنے والے کرکٹرز ایک ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل سکیں گے۔
اسی طرح ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ دوسری جانب صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر لیگز میں شرکت کے حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے ان شرائط کا مقصد سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو یقینی بنانا ہے، تاکہ قومی سطح پر کرکٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آئندہ ایک سے دو روز میں نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس کے بعد کھلاڑیوں کے معاہدوں اور ان سے متعلق شرائط کی تفصیلات سامنے آجائیں گی۔








