ڈپٹی کمشنر چارسدہ منصور ارشد کا سروس ڈیلیوری سنٹر کا دورہ، عوامی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر چارسدہ منصور ارشد نے صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت سروس ڈیلیوری سنٹر چارسدہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سرکاری سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سروس ڈیلیوری سنٹر میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے شہریوں سے سرکاری خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر منصور ارشد نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری سنٹر آنے والے ہر شہری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور قانون کے مطابق ان کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں عوام کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے ساتھ باعزت رویہ اختیار کرنا تمام متعلقہ اہلکاروں کی ذمہ داری ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور مشکلات سے بچانے کے لیے خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے۔
منصور ارشد کا کہنا تھا کہ عوام کو بروقت، شفاف اور باعزت سرکاری خدمات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ شہریوں کو سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی میسر آسکے۔








