ڈپٹی کمشنر کرم کا علیزئی کا دورہ، قبائلی مشران سے جرگہ
لوئر کرم: ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر نے تحصیل علیزئی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی مشران کے ساتھ جرگے میں شرکت کی اور علاقے کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
جرگے میں علیزئی، بلیامین، منڈا، مینگک، انزری، جلمئے اور چاردیوال سے تعلق رکھنے والے قبائلی مشران نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم عصمت اللہ شینواری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبائلی مشران نے تحصیل علیزئی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ مشران کی جانب سے علیزئی میں ریسکیو 1122 کی سہولت فراہم کرنے، انتظامی افسران کی باقاعدہ موجودگی یقینی بنانے اور تحصیل علیزئی کو مکمل تحصیل کا درجہ دینے کے مطالبات پیش کیے گئے۔
جرگے کے دوران علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ قبائلی مشران نے امن و استحکام کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ڈیفنس روڈ کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی کمشنر فہد وزیر نے مشران کو یقین دلایا کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقے میں حکومتی عمل داری ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور پُرامن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے قبائلی مشران پر زور دیا کہ امن و امان کے قیام اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔








